لاہور: ایندھن کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو چیلنج کرتے ہوئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی۔
ایڈووکیٹ اظہر صدیق نے ایندھن کی قیمتوں سے متعلق لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی۔
انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں قیمتوں میں کمی کے باوجود وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کا یہ اقدام مہنگائی میں مزید اضافے کا باعث بنے گا۔
درخواست میں کہا گیا کہ حکومت نے بین الاقوامی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ منتقل کرنے کے بجائے ملک میں ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ کیا ہے۔
درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ ایندھن کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ کالعدم قرار دیا جائے۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، پیر کی رات وفاقی حکومت نے اگست 2022 کے بقیہ دنوں کے لیے پیٹرول کی قیمت میں 6.72 روپے فی لیٹر اضافے کا اعلان کیا۔
ڈیزل کی قیمت میں 0.51 روپے جبکہ لائٹ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 0.43 روپے فی لیٹر کی کمی دیکھی گئی۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 1.67 روپے فی لیٹر تک کمی ہوئی۔
